ممبئی 27/اکتوبر (ایس او نیوز) مہاراشٹرا کے پالگھر ضلع کے تاراپور میں کیمیکل کی فیکٹری میں زبردست دھماکہ کے بعد آگ لگنے کے نتیجے میں کمپنی کا مینجر سمیت تین لوگ ہلاک ہوگئے، جبکہ بارہ شدید زخمی ہوگئے۔ واردات بدھ شام تقریباً 4.15 بجے پیش آئی۔
حکام کے حوالے سے میڈیا میں آئی رپورٹوں کے مطابق واردات اُس یونٹ میں پیش آئی جو ٹیکسٹائل انڈسٹری میں استعمال ہونے والا گاما ایسڈ تیار کرتا ہے۔حکام نے بتایا کہ دھماکے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کہ پلانٹ کی چھت اڑ گئی۔
پالگھر پولیس کے ترجمان سچن ناواڈکر نے بتایا کہ"کیمیکل فیکٹری میں ری ایکٹر کے ویسّل میں دھماکے کے نتیجے میں 3 مزدور جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے، جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال بھیج دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے"۔
انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر بوئیسر پولیس اسٹیشن کے اہلکار اور مقامی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئے۔ بوئیسر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر پردیپ کسبے نے بتایا کہ دھماکے کے وقت فیکٹری میں کل 18 ملازمین کام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں پلانٹ انچارج نے تصدیق کی کہ دھماکہ ری ایکٹر کے ویسّل میں دباؤ کی وجہ سے ہوا۔
انہوں نے کہا "پلانٹ گاما ایسڈ تیار کرتا ہے جو ٹیکسٹائل کی صنعت میں استعمال ہوتا ہے۔ ری ایکٹر کا ویسّل اس وقت پھٹا جب سوڈیم سلفیٹ کو امونیا کے ساتھ ملانے کا عمل جاری تھا،" انہوں نے کہا کہ پولیس اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف انڈسٹریل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کے حکام سے تکنیکی مدد حاصل کرے گی۔